اولاد کی اسلامی تربیت
اولاد کی تربیت صالح ہوتو ایک نعمت ہے وگرنہ یہ ایک فتنہ اور وبال بن جاتی ہے ۔ دین وشریعت میں اولاد کی تربیت کے لیے ایک فریضہ کی حیثیت رکھتی ہے ۔ کیونکہ جس طرح والدین کے اولاد پر حقوق ہیں اسی طرح اولاد کےوالدین پر حقوق ہیں اور جیسے اللہ تعالیٰ نے ہمیں والدین کےساتھ نیکی کرنے کا حکم دیا ہے ایسے ہی اس نے ہمیں اولاد کےساتھ احسان کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔ان کے ساتھ احسان اور ان کی بہترین تربیت کرنا دراصل امانت صحیح طریقے سے ادا کرنا ہے اورانکو آزاد چھوڑنا اور ان کے حقوق میں کوتاہی کرنا دھوکہ اور خیانت ہے۔ کتاب وسنت کے دلائل میں اس بات کا واضح حکم ہے کہ اولاد کے ساتھ احسان کیا جائے ۔ ان کی امانت کوادا کیا جائے ، ان کوآزاد چھوڑنے اوران کےحقوق میں کتاہیوں سے بچا جائے ۔کیونکہ اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں سے ایک بہت بڑی نعمت اولاد بھی ہے ۔ اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اگر اولاد کی صحیح تربیت کی جائے تو وہ آنکھوں کا نور اور دل کا سرور بھی ہوتی ہے ۔ لیکن اگر اولاد بگڑ جائے اور اس کی صحیح تربیت نہ کی جائے تو وہی اولاد آزمائش بن جاتی ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب’’اولاد کی اسلامی تربیت ‘‘ کویت میں مقیم مولانا محمد انورمحمد قاسم سلفی ﷾ کی تصنیف ہے ۔اس کتاب میں انہوں نے ان تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کی کوشش کی ہے جو اولاد کی اسلامی تربیت کے لیے ضروری ہیں اورمعاشرہ کے تمام افراد کے حقوق بھی مختصراً ذکر کردیئے ہیں ۔یہ کتاب والدین کے لیے اور اولاد کے لیے بھی اپنے حقوق وواجبات ادا کرنے میں مشعل راہ ہے ۔فاضل مصنف نے کتاب کی ترتیب میں پچپن کے مراحل کا ہر طرح خیال رکھا ہے ۔پچپن کے کس مرحلے میں ماں باپ کو کیا کرنا چاہیے اور اس مرحلے میں ان کےلیے مفید باتیں کیا ہیں اوران کے لیے خطرناک باتیں کیا ہیں ان سب کوبڑی اچھی ترتیب اور خوبی کے ساتھ تحریر کیا ہے ۔اللہ تعالیٰ مصنف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے بچوں کی تربیت و اصلاح کا ذریعہ بنائے ۔(آمین)
اللہ تعالیٰ مصنف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے بچوں کی تربیت و اصلاح کا ذریعہ بنائے ۔آمین
ReplyDelete